حافظ آباد:دوران صفائی نالوں پر نصب سلیبیں توڑ دی گئیں
سریا نکال کر بیچ دیا ،دکانداروں کا الزام ، تاجروں کو ذاتی گرہ سے جنگلے لگانیکی ہدایت
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا )مدہریانوالہ روڈ، حافظ آباد میں ٹی ایم اے کی جانب سے نالوں کی صفائی کے دوران اوپر نصب کنکریٹ سلیبیں ہٹا دی گئیں۔ مقامی دکانداروں کا مؤقف ہے کہ صفائی مکمل ہونے کے بعد سلیبوں کو دوبارہ نصب کرنے کے بجائے توڑ دیا گیا۔ متاثرین کا الزام ہے کہ سلیبوں میں موجود سریا نکال کر فروخت کیا گیا اور حاصل ہونے والی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے بجائے ذاتی مفاد کے لیے استعمال کی گئی جس سے قومی خزانے کو مالی نقصان پہنچا۔دکانداروں کے مطابق اب انہیں اپنی دکانوں کے سامنے خوبصورتی کے نام پر لوہے کے جنگلے لگانے کی ہدایت کی جا رہی ہے جن پر فی دکان تقریباً 20سے 25ہزار روپے تک خرچ آتا ہے ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ موجودہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کے دور میں اتنا اضافی مالی بوجھ اٹھانا ان کے لیے انتہائی مشکل ہے ۔متاثرہ دکانداروں کا مزید کہنا ہے کہ جنگلے نہ لگانے کی صورت میں نالے کے استعمال پر پابندی، راستہ بند کرنے اور دکانیں سیل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ تاجروں نے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ جات سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے ۔