لائیوسٹا ک:روسی فٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز ویکسین بحال
اقدام سے مویشی پالنے والے کسانوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا :ماہرین
لاہور (آن لائن) لائیو سٹاک شعبے میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے روسی فٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز ویکسین کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے ۔ اس پیشرفت میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے کلیدی کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں لائیوسٹاک شعبے کی ترقی اور بین الاقوامی تعاون کو مزید تقویت ملی ہے ۔ پاکستان میں فٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز سے لاکھوں مویشی متاثر ہو رہے ہیں جس کے باعث مویشیوں کی پیداوار اور برآمدات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران اس بیماری کے تقریباً 2,100 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے روسی ویکسین کی فراہمی سے متعلق درپیش اہم مسئلہ کامیابی سے حل کر لیا گیا۔ روس کے تجارتی نمائندے ڈینس اے نیو زوروف نے اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پر ایس آئی ایف سی کے کردار کو سراہا۔ ماہرین کے مطابق اس اقدام سے مویشی پالنے والے کسانوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا جبکہ بیماریوں سے بچاؤ کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔ بہتر ویکسین فراہمی سے لائیوسٹاک کی پیداوار اور معیار میں بہتری کیساتھ ساتھ شعبے کی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔