نامعلوم خاتون کے قتل کا معمہ حل ،شوہر ہی ملزم نکلا
لاہور(این این آئی)چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے سرگودھا میں نامعلوم خاتون کے قتل کا معمہ حل کرنے پر پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق بھلوال کے قریب نہر سے ملنے والی خاتون کی شناخت نہ ہونے کے باوجود پولیس نے مسلسل محنت سے کیس ٹریس کرلیا۔حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ لاش نہر سے ملی، گلا تیز دھار آلے سے کاٹا گیا تھا اور موقع سے شناخت کا کوئی ثبوت موجود نہیں تھا۔ بھلوال سٹی پولیس نے نامعلوم خاتون کی شناخت کے لیے اعلانات، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور جدید ذرائع کا استعمال کیا۔ پولیس نے نادرا کی مدد اور سائنسی تفتیش کے ذریعے مقتولہ کی شناخت فریال بی بی کے نام سے یقینی بنائی۔حنا پرویز بٹ نے بتایا کہ شناخت کے بعد پولیس نے مقتولہ کے اہل خانہ سے معلومات حاصل کیں اور شوہر احسن کو شامل تفتیش کیا، تفتیش کے دوران شوہر احسن نے اپنے بھائی فرمان کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔