ارکان پنجاب اسمبلی،افسروں کیلئے انسٹیٹیوٹ کے قیام کی تیاریاں
قانون سازی کی تربیت کیلئے منصوبے پر1ارب 37 کروڑ خرچ ہونگے
لاہور (حمزہ خورشید سے )ارکان پنجاب اسمبلی اور متعلقہ افسروں کو پارلیمانی روایات، قواعد و ضوابط اور مؤثر قانون سازی کی تربیت دینے کیلئے انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سٹڈیز اینڈ ریسرچ کے قیام کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں منصوبے کیلئے 6 کروڑ مختص جبکہ اسکی مجموعی لاگت ایک ارب 37کروڑ سے زائد رکھی گئی ہے ۔ منصوبہ مالی سال 2028-29میں مکمل ہوگا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بتایا کہ یہ ادارہ ابتدائی مرحلے میں صرف ارکان اسمبلی اور متعلقہ افسروں کی تربیت کیلئے قائم کیا جا رہا ہے جہاں یہ بھی سکھایا جائے گا کہ تحریک التوا واستحقاق اور دیگر پارلیمانی ذرائع کو عوامی مسائل کے حل اور حکومتی احتساب کیلئے کیسے بہتر استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ ارکان اسمبلی کو خصوصی سیشنز میں مؤثر قانون سازی، پالیسی سازی، بجٹ تجزیے اور پارلیمانی نگرانی کے طریقہ کار پر رہنمائی دی جائیگی ۔یہ ادارہ پیپل ہاؤس کی دو عمارتوں کی تزئین و آرائش اور جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کے بعد بنایاجائیگا۔