13جولائی 1931کے شہدا ئے کشمیر کیلئے دعائیہ تقریب
بھارتی عزائم ناکام ،مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج جلدطلوع ہوگا:مقررین
لاہور(سٹاف رپورٹر)کشمیر سنٹر کے زیرِ اہتمام یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر مسجد دارالسلام جناح باغ میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، 13 جولائی 1931 کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے رہنما انجینئر مشتاق محمود، محاذِ رائے شماری کے رہنما آفتاب نازکی، علامہ فدا الرحمن حیدری، کشمیر سنٹر انچارج انعام الحسن، مرزا نثار بیگ و دیگر مقررین نے خطاب میں کہاکہ 13جولائی 1931 کو مسلمانان کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر کی بنیاد رکھی۔ اس دن ایک اذان کی تکمیل کیلئے 23کشمیریوں نے جانیں قربان کرکے ڈوگرہ سامراج کیخلاف بغاوت کا علم بلند کیا جو جلد ہی تحریک آزادی میں تبدیل ہوگیا اور آخرکار 1947 میں ڈوگرہ ظلم وجبر کے دور کا خاتمہ ہوا۔ بھارتی فوج کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے بدترین مظالم ڈھارہی ہے تاہم انہوں نے کہا بھارت کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا۔ کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضہ کیخلاف سینہ سپر ہیں۔ وہ مسلسل اپنے جان و مال اور عزتوں کی قربانیاں پیش کرتے چلے آرہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی سیاہ رات کا خاتمہ ہوگااور آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ علامہ فدا الرحمن نے 13 جولائی کے شہدا کے درجات کی بلندی اور جموں و کشمیر میں امن کیلئے خصوصی دعا کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments