ٹریفک روانی ،پیدل چلنے والوں کیلئے منصوبہ تعطل کا شکار

 ٹریفک روانی ،پیدل چلنے والوں کیلئے منصوبہ تعطل کا شکار

شہر کی 20شاہراہوں پر جدید سگنلز نصب ہوناتھے ،منصوبے کیلئے فنڈ مختص نہ ہوا

لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور پیدل چلنے والوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کا اہم منصوبہ مالی وسائل نہ ہونے پر تعطل کا شکار ہو گیا ۔ٹیپا نے شہر کی 20 سے زائد اہم شاہراہوں پر جدید پیلیکن سگنلز نصب کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی تاہم پنجاب حکومت نے رواں مالی سال منصوبے کیلئے کوئی فنڈ مختص نہیں کیا۔ جدید ٹریفک کنٹرول سسٹم،  متعارف کرایا جانا تھا۔ذرائع کے مطابق شہر میں بڑھتے ٹریفک دباؤ پرمنصوبے کا مقصد صرف ٹریفک کو منظم کرنا نہیں بلکہ پیدل چلنے والوں کو محفوظ انداز میں سڑک عبور کرانے کیلئے جدید ٹریفک کنٹرول نظام متعارف کرانا بھی تھا۔ زیبرا کراسنگ کو ٹریفک سگنلز سے منسلک ایل ای ڈی لائٹس کے ذریعے فعال بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی تاکہ گاڑیوں اور پیدل افراد کیلئے واضح اور محفوظ سگنلنگ ہو سکے ۔ٹیپا نے منصوبے کو 4 پیکیجز میں تقسیم کیا تھا۔ پہلے میں پیلیکن سگنلز اور وہیکل ویڈیو ڈیٹیکشن سسٹم لگانے کیلئے 28کروڑ 73لاکھ، دوسرے کا14کروڑ79لاکھ، تیسرے کا11کروڑ 15 لاکھ اورچوتھے پیکیج کا 5 کروڑ 98 لاکھ کا تخمینہ لگایا گیا ۔منصوبے کے تحت جی پی او، لاہور ہائیکورٹ، ریگل چوک، گورنر ہاؤس، ڈیوس روڈ، کینال روڈ جنکشن، ظفر علی روڈ، فورٹریس سٹیڈیم، جناح چوک، سرفراز رفیقی روڈ، سول سیکرٹریٹ، فیروزپور روڈ، مسلم ٹاؤن موڑ، بھیکھے وال، دبئی چوک، برکت مارکیٹ، فردوس مارکیٹ، عسکری ٹین سمیت 20 سے زائد مقامات پر جدید پیلیکن سگنلز نصب کیے جانے تھے تاکہ زیادہ ٹریفک والے مقامات پر حادثات میں کمی اور ٹریفک روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...