خشک، کمزور اور خستہ حال درختوں کی جانچ کیلئے کمیٹی تشکیل
جان و مال کے تحفظ، محفوظ اور بروقت اخراج کیلئے قابلِ عمل سفارشات مرتب کی جائینگی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور ہائیکورٹ کے احکامات اور جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن کی ہدایات پر عملدرآمد کیلئے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور نے شہر بھر میں خشک، کمزور اور خستہ حال درختوں کی جانچ کیلئے اعلیٰ سطح تکنیکی کمیٹی تشکیل دیدی جس میں محکمہ جنگلات، پنجاب یونیورسٹی، محکمہ تحفظ ماحول، ای پی اے اور پی ایچ اے کے ماہر افسروں کو شامل کیا گیا ہے جو مختلف علاقوں میں موجود درختوں کا سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر جائزہ لیں گے ۔یہ کمیٹی ایسے درختوں کی نشاندہی کرے گی جو کسی بھی وقت شہریوں کے جان و مال کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں جبکہ انکے محفوظ اور بروقت اخراج کیلئے قابلِ عمل سفارشات بھی مرتب کی جائینگی۔اس کیساتھ ساتھ خالی ہونیوالی جگہوں پر ماحول اور مقامی موسمی حالات سے ہم آہنگ درختوں کی نئی شجرکاری کا منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ شہر میں سبزہ برقرار رہے اور ماحولیاتی توازن مزید مضبوط ہو۔ایم ڈی پی ایچ اے لاہور راجہ منصور کے مطابق کمیٹی نے مختلف علاقوں میں سروے ، درختوں کی تشخیص اور آئندہ لائحہ عمل پر عملی کام شروع کر دیا ہے ، ہائیکورٹ کے احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خستہ حال درختوں کے محفوظ انتظام اور وسیع پیمانے پر شجرکاری سے نا صرف شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ لاہور کو مزید سرسبز، محفوظ اور ماحول دوست شہر بنانے کیلئے عملی اقدامات بھی جاری رکھے جائینگے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments