شیخ زاید ہسپتال :روبوٹک طریقہ کار سے گھٹنے کی تبدیلی کا آپریشن
پنجاب کے پبلک سیکٹر میں پہلی مرتبہ کامیاب روبوٹک ٹوٹل نی آرتھروپلاسٹی کی گئی
لاہور ( ہیلتھ رپورٹر )شیخ زاید ہسپتال لاہور نے طبی شعبے میں ایک اہم اعزاز حاصل کرتے ہوئے پنجاب کے پبلک سیکٹر میں پہلی مرتبہ روبوٹک ٹوٹل نی آرتھروپلاسٹی یعنی روبوٹک طریقہ کار سے گھٹنے کی مکمل تبدیلی کا آپریشن کامیابی سے انجام دیا۔ یہ کامیابی سرکاری شعبے میں جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کی جانب نمایاں پیشرفت ہے ۔یہ سنگِ میل پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں، چیئرپرسن و ڈین، شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس اور ڈاکٹر حاطف اقبال ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی مشترکہ کاوشوں اور ادارے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانے کے عزم کا نتیجہ ہے ۔ گھٹنے کی تبدیلی کا یہ کامیاب آپریشن پروفیسر ڈاکٹر واصف شاہ، پروفیسر و سربراہ شعبہ آرتھوپیڈک سرجری نے ریچ انٹرنیشنل کے اشتراک سے انجام دیا، جو ادارے میں جدید روبوٹک آرتھوپیڈک سرجری کے آغاز کی جانب اہم پیشرفت ہے ۔اس کامیابی میں پروفیسر ڈاکٹر محمود و شعبہ اینستھیزیا، پروفیسر ڈاکٹر شوکت اور ڈاکٹر مبشر (شعبہ ریڈیالوجی)، آپریشن تھیٹر عملے اور شعبہ آرتھوپیڈکس کی ٹیم نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے اہم کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر حاطف اقبال نے کہا روبوٹک طریقہ کار سے گھٹنے کی تبدیلی کے کامیاب آپریشن سے مریضوں کومؤثر علاج کی سہولت میسر آئیگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments