وائلڈ لائف : لاہور سے ببر شیر کے بچوں کا جوڑا برآمد
ملزم گرفتار، مقدمہ درج، رینجرزنے خفیہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مارا
لاہور(اے پی پی)وائلڈ لائف رینجرز لاہور نے ببر شیر کے بچوں کا جوڑا بازیاب کیا، وائلڈ لائف رینجرز ملتان نے پردیسی پرندوں کی غیر قانونی تجارت جبکہ وائلڈ لائف رینجرز راجن پور نے فاختہ کے غیر قانونی شکار کو روکا۔ ترجمان کے مطابق ایک خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجرز لاہور ریجن سخی محمد جوئیہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرمحمد وسیم نے چھاپہ مارکر سفید ببر شیر کے بچوں کا جوڑا برآمد کرکے موقع پر ایک ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کروادی۔
ایک دوسری کارروائی کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان محمد ندیم نے بدیسی پرندوں کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے 50 ہزار روپے جرمانہ کر کے کیس نمٹا دیا جبکہ تیسری کارروائی کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر صائمہ محسن نے ٹیم کے ہمراہ ائرگن کے ساتھ فاختہ کا شکار کرنے پر ایک ملزم کو گرفتار کر کے 15 ہزار روپے جرمانہ کیا اور کیس نمٹا دیا۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر میانوالی عبداﷲ بلال کی بروقت اور مؤثر ومربوط کوششوں کے نتیجہ میں تیتر بازی کا ایک ٹورنامنٹ منعقد نہ ہوسکا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments