راوی میں کٹاؤ :میرووال اور نواحی علاقوں کو شدید خطرات
حفاظتی بندنامکمل، کئی خاندانوں کی نقل مکانی، وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ
نارنگ منڈی (نمائندہ دنیا) دریائے راوی میں مسلسل کٹاؤ کے باعث قدیم سرحدی گاؤں میرووال اور اس کے نواحی علاقوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ، اہل علاقہ نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ انہار کی جانب سے تعمیر کیا جانے والا حفاظتی بند تاحال مکمل نہیں کیا گیا جس کے باعث دریا کا کٹاؤ تیزی سے زیرِ تعمیر بند تک پہنچ چکا ہے مقامی افراد کے مطابق میرووال ماضی میں تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم مقام رکھتا تھاتاہم دریائے راوی کے مسلسل کٹاؤ کے باعث گاؤں کے متعدد خاندان نقل مکانی کر چکے ہیں۔
حکومت نے میرووال اور گرد و نواح کی ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی کو محفوظ بنانے کیلئے حفاظتی بند کی تعمیر شروع کی تھی لیکن منصوبہ مبینہ طور پر ادھورا چھوڑ دیا گیا۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر حفاظتی بند کی تعمیر اور مرمت کا کام فوری طور پر مکمل نہ کیا گیا تو میرووال، جاجوگل اور شہتاب گڑھ سمیت دیگر سرحدی دیہات کے ساتھ ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی بھی دریا برد ہونے کے خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔ جبکہ قومی خزانے کو بھی کروڑوں روپے کے مزید نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب،صوبائی وزیر انہار اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ حفاظتی بند کی تعمیر و مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کرایا جائے تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments