ننکانہ صاحب میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح
شہریوں کو جدید سفری سہولت میسر، ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئیگی:ڈپٹی کمشنر ودیگر
ننکانہ صاحب(خبر نگار ) وزیراعلیٰ کے ویژن کے تحت ضلع ننکانہ صاحب میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر ننکانہ رعنا حمید، ممبران صوبائی اسمبلی، ضلعی افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی تقریب میں موجود تھے ۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق پہلے مرحلے میں ضلع ننکانہ صاحب کو 11 جدید گرین الیکٹرک بسیں فراہم کی گئی ہیں جو شہریوں کو محفوظ، آرام دہ، جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات مہیا کریں گی۔ الیکٹرک بس سروس کے روٹس کو جلد حتمی شکل دے کر عوام کی سہولت کیلئے مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ رعنا حمید نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا دائرہ کار مسلسل وسیع ہو رہا ہے اور گرین الیکٹرک بس سروس اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور صاف و شفاف ماحول کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبران صوبائی اسمبلی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ننکانہ صاحب کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے ۔گرین الیکٹرک بس سروس صرف ایک ٹرانسپورٹ منصوبہ نہیں بلکہ جدید، ماحول دوست اور پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments