نجی سکولوں میں بچوں کو مفت داخلے دینے پر عملدرآمدکی ہدایت
3 روز میں 10 فیصد کوٹے پر داخل کیے گئے طلبہ کا مکمل ریکارڈ جمع کرانیکی ہدایت
لاہور(خبر نگار )ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے نجی سکولوں میں ہر کلاس میں کم از کم 10 فیصد مستحق بچوں کو مفت داخلہ دینے کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مستحق بچوں سے داخلہ فیس، ٹیوشن فیس، سکیورٹی فیس یا کسی بھی مد میں کوئی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ تمام رجسٹرڈ نجی تعلیمی ادارے ہر جماعت میں 10 فیصد مستحق طلبہ کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے پابند ہوں گے ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے تمام نجی سکولوں کو آخری وارننگ جاری کرتے ہوئے تین روز کے اندر 10 فیصد کوٹے پر داخل کیے گئے طلبہ کا مکمل ریکارڈ اور عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ کوٹے کے مطابق مستحق بچوں کو داخلہ نہ دینے والے نجی سکولوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں رجسٹریشن کی معطلی یا بھاری جرمانہ بھی شامل ہو سکتا ہے ۔ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہنا ہے کہ پنجاب فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن رولز 2024 پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے گا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments