بار کونسل کاوکلا کیخلاف 7 اے ٹی اے کے بے جا استعمال پر تشویش
وکلا کی عزت،حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا:وائس چیئرمین قیصر ساہی
لاہور( آئی این پی)پنجاب بار کونسل نے وکلا کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے بے جا استعمال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلاف رائے ، احتجاج اور آئینی و قانونی فرائض کی ادائیگی کو دہشتگردی کی دفعات سے جوڑنا ناقابل قبول ہے ، وکلا ء پر 7اے ٹی اے کے اندھا دھند استعمال کا سلسلہ فوری بند کیا جائے اور آئین و قانون کی مقرر کردہ حدود میں رہ کر کام کیا جائے۔ پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری قیصر نذیر ساہی اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی چودھری ارشد علی ہنجرا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ وکلا ء آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ مؤثر کردار ادا کرتے رہے ہیں، انہیں دبا ؤکے ذریعے خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وکلا ء کے جائز مطالبات اور مسائل طاقت کے بجائے مذاکرات اور قانونی طریق کار کے ذریعے حل کیے جائیں۔ پنجاب بار کونسل وکلا ء کی عزت، وقار اور حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اس مقصد کے لیے ہر آئینی و قانونی فورم استعمال کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments