شہر میں ٹریفک سیفٹی کیلئے روڈ مارکنگ میں تبدیلی کاآغاز
ڈرائیورز کو رفتار کم رکھنے کی ہدایت دینے کیلئے سائنز پینٹ ہونے لگے تعلیمی اداروں کی حدود میں 30کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی حد کی نشاندہی ہوگی
لاہور( سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں ٹریفک سیفٹی کے لیے روڈ مارکنگ کے انداز میں تبدیلی کا عملی آغاز کر دیا گیا ہے ۔ٹیپا کی جانب سے جیل روڈ پر پائلٹ پراجیکٹ کے تحت سڑک کی سطح پر مختلف ٹریفک ہدایات نمایاں کرنے کا کام شروع کر دیا گیا۔نئی مارکنگ میں ڈرائیورز کو رفتار کم رکھنے کی ہدایت دینے کیلئے سپیڈ لمٹ30 اور سلوڈاؤن سمیت دیگر پیغامات سڑک پر پینٹ کیے جا رہے ہیں۔خاص طور پر تعلیمی اداروں اور کالج زونز میں 30 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی حد کی نشاندہی سڑک پر بھی کی جائے گی، تاکہ ڈرائیور کو متعلقہ زون میں داخل ہوتے ہی رفتار کی حد واضح طور پر نظر آ سکے ۔اب تک رفتار سے متعلق ہدایات عموماً روڈ سائنز اور سائن بورڈز کے ذریعے دی جاتی رہی ہیں، تاہم نئے طریقہ کار میں سڑک کی سطح کو بھی ٹریفک آگاہی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ۔جیل روڈ پر جاری پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج کا جائزہ لینے کے بعد اس روڈ مارکنگ کا دائرہ کار مزید بڑھانے کی تجویز ہے ۔پائلٹ منصوبہ کامیاب ہونے کی صورت میں لاہور کی دیگر اہم شاہراہوں، بالخصوص مختلف تعلیمی اور حساس ٹریفک زونز میں بھی سپیڈ لمٹ اور سلو ڈاؤن کی ہدایات سڑکوں پر نمایاں کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments