کیو ڈی پی ایس وزیرآباد نعمت سے کم نہیں:ڈپٹی کمشنر
نوید احمد کا اے سی کیساتھ مین بازار ،سول ہسپتال اور مختلف مقامات کا دورہ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ کے ہمراہ قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول کا دورہ کیا اور انتظامات اور تدریسی سسٹم کا جائزہ لیا۔ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قائد اعظم ڈویژنل پبلک سکول وزیرآباد اور گردو نواح کے لوگوں کیلئے نعمت سے کم نہیں یہاں انتہائی معیاری تدریسی سسٹم کے ساتھ ساتھ اخلاقیات بھی سکھائی جاتی ہیں تا کہ مستقبل کے یہ معمار آگے چل کر ملک و قوم کی خدمات کر سکیں۔
بعدازاں ڈی سی نوید احمد نے اے سی وزیرآباد اور سی او بلدیہ الفت شہزاد گوندل اور متعلقہ افسروں و ٹیم کے ہمراہ وزیرآباد کے مین بازار، سول ہسپتال سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کام میں تاخیر پر ٹھیکیدار سے وضاحت طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ سول ہسپتال کا دورہ کیا جہاں ایم ایس ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کرایا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments