ہڈیوں کی کمزوری ، بیماری سے آگاہی کاعالمی دن آج

ہڈیوں کی کمزوری ، بیماری سے آگاہی کاعالمی دن آج

کم عمری کی شادی،بیٹھے رہنا بڑی وجوہات، احتیاطی تدابیر سے بچاؤ ممکن :طبی ماہرین

لاہور (ہیلتھ رپورٹر )دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج ورلڈ آسٹیوپوروسس ڈے منایا جا رہا ہے جسکا مقصد ہڈیوں کی کمزوری کی اس خاموش بیماری سے آگاہی دینا ہے ۔انٹرنیشنل آسٹیوپوروسس فاؤنڈیشن اور مقامی تحقیق کے مطابق پاکستان میں اسوقت ایک کروڑ سے زائد افرادہڈیوں کی کمزوری کا شکار ہیں جن میں 72 لاکھ خواتین ہیں، خدشہ ہے کہ 2050 تک یہ تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 29 لاکھ ہوجائیگی۔پنجاب میں بیماری کی شرح سب سے زیادہ 41.2 فیصد ہے اور50 لاکھ سے زائد افراد اس میں مبتلا ہیں جبکہ لاہور میں ہر سال ہزاروں نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ چیئرمین آرتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹ جناح ہسپتال پروفیسر سجاد گورایہ کا کہنا ہے کہ سروے کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں میں 50 سال عمر کے بعد ہر5میں سے 3 خواتین جبکہ ہر 5میں سے ایک مرد اس بیماری کا شکارہورہا ہے ۔ بروقت احتیاطی تدابیر سے بچاؤ ممکن ہے ۔طبی ماہرین کے مطابق اسکی بڑی وجوہات کم عمری میں شادی، بار بار حمل، دودھ پلانے کے دوران کیلشیم کمی، وٹامن ڈی کی شدید کمی اور بیٹھے رہنے والی طرز زندگی ہے ۔ 70 فیصد حاملہ خواتین اور 40 فیصد پاکستانی بچوں میں وٹامن ڈی کی کمی ہے ۔ماہرین نے احتیاطی تدابیر میں روزانہ دو گلاس دودھ، دہی، پنیر، سبز پتوں والی سبزیاں اور مچھلی کا استعمال، روزانہ 15 سے 20 منٹ دھوپ میں بیٹھنا، واک اور وزن اٹھانیوالی ورزش، سگریٹ نوشی اور کولڈ ڈرنکس سے پرہیز، اور 45 سال سے زائد خواتین کا سال میں ایک بارBMD یا DEXA ٹیسٹ کرانا تجویز کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...