ہنڈی و غیر قانونی کرنسی کا کاروبار کرنیوالے 3ملزم گرفتار
بوریوالا(سٹی رپورٹر )ہنڈی و غیر قانونی کرنسی کا کاروبار کرنے پر ایف آئی اے ٹیم کی کارروائی 3 افراد کو گرفتار کر لیا ،بھاری مقدار میں ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد اور ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔
تفصیل کے مطابق انسپکٹر عادل گوپانگ،سب انسپکٹر ملک سہیل،اے ایس آئی محمد سجاد،ہیڈ کانسٹیبل شاہ محمد اور ان کی ٹیم نے کارروائی میں حصہ لیا ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران پراچہ انٹر پرائزز کالج روڈ بورے والا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں کی شناخت حسن عدیل،شہباز اسلم،خرم مختار کے ناموں سے ہوئی ہے ،چھاپہ مار کارروائی خفیہ اطلاع موصول ہونے پر عمل میں لائی گئی ،ایف آئی اے ٹیم کے ہمراہ مقامی پولیس نے بھی کارروائی میں حصہ لیا ،گرفتار ملزموں سے بھاری مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ،پاکستانی کرنسی 24 لاکھ 50 ہزار،غیر ملکی کرنسی10020سعودی ریال،5170اماراتی درہم،1000 ملائشین رنگٹ،550 آسٹریلین ڈالر،520 یورو،350 پاونڈ اور 301 عمانی ریال بھی برآمد کیے گئے ۔ ملزموں سے حوالہ ہنڈی سے متعلق ریکارڈ بھی برآمد کر لیا گیا جو بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھے جو موقع سے برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے ،ملزموں سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔