شنگھائی اجلاس سے سرمایہ کاری بڑھے گی ،عمیر سعید
ملتان (لیڈی رپورٹر) چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر حافظ عمیر سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں منعقد ہونیوالی حالیہ شنگھائی کانفرنس کے دورس نتائج بر آمد ہوں گے ۔
خطہ میں معاشی ترقی اور خصوصاََ پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے در کھلیں گے پاکستان اور چین کی مشترکہ کوششوں سے شنگھائی تعاون تنظیم یورپی یونین طرز پر ابھر کر سامنے آرہی ہے ۔انشاء اللہ ایشیاء کا کل شاندار اور روشن ہو گا ۔ شنگھائی کانفرنس میں سی پیک ٹو کا آغاز معاشی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں متعین کرے گا جوحکومت کے معیشت کے لیے مثبت اقدامات کی کڑی ہیں ایشیائی ممالک کا متحد ہو کر عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور خطہ کی معیشت اور معاشی ترقی کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا آنیوالے اچھے دنوں کی غمازی کرتا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شنگھائی تعاون تنظیم معیشت کے ساتھ ساتھ خطہ کو درپیش دہشت گردی جیسی لعنت سے چھٹکارہ کے لیے بھی مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی اور ممالک کے مابین تنازعات کے حل کے لیے بھی مثبت کردار ادا کرنا ہو گا تب ہی ہم مل کر آگے بڑھ سکتے ہیں اور خطہ کو معاشی سماجی اور اقتصادی اعتبار سے بہتری کی جانب گامزن کر سکتے ہیں ۔