میئر نے نیسلے کے محفوظ واٹر پلانٹ کا افتتاح کردیا
کراچی (سٹی ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں نیسلے پاکستان اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے پینے کے صاف اور محفوظ واٹر پلانٹ کا افتتاح کردیا۔
اس سے ضلع بن قاسم ٹاؤن میں ہر روز 10ہزار سے زائد افراد کو پینے کا صاف پانی میسرآئے گا۔افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پینے کے صاف اور محفوظ پانی تک رسائی ایک بنیادی ضرورت ہے ۔ مجھے یہ دیکھ خوشی ہوئی ہے کہ نیسلے نے کراچی کے لوگوں کے لئے اپنی کمیونٹی کی بہتری پر توجہ مرکوز کررکھی ہے ، امید ہے لوگوں کو حقیقی معنوں میں اس سے فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر جیسن آوانسینا، چیف ایگزیکٹو آفیسر، نیسلے پاکستان نے کہا کہ ہم طبقات کے لئے اپنی ویلیوچین میں مشترکہ اقدار کی تخلیق کے لئے پرعزم ہیں اور پینے کے صاف اور محفوظ 9ویں واٹر پلانٹ کا افتتاح اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے مطابق خاندانوں، طبقات اور کرہ ارض پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور پورٹ قاسم اتھارٹی کے تعاون سے کراچی میں پلانٹ کے افتتاح کے ساتھ تقریباً 90ہزار افراد روزانہ پینے کے صاف اور محفوظ پانی تک رسائی حاصل کر سکیں گے ۔ یہ پلانٹ الٹر افلٹریشن واٹر ٹریٹمنٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے 3000 لٹر فی گھنٹہ پینے کا صاف اور محفوظ پانی سپلائی کرے گا۔ مانیٹرنگ سسٹم اور فلٹریشن کے مختلف مراحل کے استعمال سے صاف شدہ پانی کے مستقل معیار کی ضمانت حاصل ہوتی ہے ۔یہ پلانٹ بجلی کے کم استعمال کے حامل پمپوں سے چلایا جاتاہے اور ماحول پر کاربن کے اثرات کم کرنے کے لئے پائیدار طریقوں کا استعمال کیا جاتاہے ۔