کاشتکاروں کی کماد وزن کی کٹوتی ‘ادائیگی میں تاخیر کی شکایت
کوٹ مومن(نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے گنے کے کاشتکاروں کی جانب سے شوگر ملز انتظامیہ کی ناانصافی کے خلاف احتجاج کی کال دینے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کوٹمومن کو دونوں فریقین سے فوری اجلاس کرکے ایشوز حل کروانے کی ہدایت کی۔
جس پر ہفتہ کے روز اے سی کوٹمومن مہتاب خان اور اے ایس پی وقار احمد کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں ملز انتظامیہ ، کین افسران اور کسان اتحاد کے ضلعی چیئرمین محمد یونس رانجھا نے شرکت کی۔ کاشتکاروں کی جانب سے ملز انتظامیہ کی جانب سے وزن کی کٹوتی، نان ورائٹی کماد نہ خریدنے اور ادائیگیوں میں تاخیر کی شکایات پیش کی گئیں ۔ دونوں فریقین کے اتفاق رائے سے طے پایا کہ ملز انتظامیہ 15 دونوں میں کاشتکاروں کو ادائیگی یقینی بنائے گی۔ اجلاس میں ملز انتظامیہ اور کاشتکار نمائندوں پر مشتمل چار رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو ملز کے کنڈے پر موجود رہے گی اور اپنی نگرانی میں وزن کروائے گی اور اسی طرح نان ورائٹی ایشو بھی موقع پرحل کروائے گی۔ کسان اتحاد نے ذاتی دلچسپی لے کر ان کا مسلئہ حل کروانے پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ ضلع بھر کی چاروں شوگر ملز کے جاری کریشنگ سیزن میں کاشتکاروں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لیے ضلعی ہیڈکوارٹر پر کنٹرول روم بھی قائم ہے ۔ جہاں انڈسٹری اور ریونیو اہلکار موجود ہیں۔