مختیار کار بن قاسم ریکارڈ سمیت سندھ ہائیکورٹ طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے ڈسٹرکٹ ملیر میں فارمنگ کے لیے 30 سالہ لیز پر دی گئی زمین خالی کرانے کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرتے ہوئے مختیار کار بن قاسم کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے ۔
درخواست گزار اختر حسین انیس نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اپریل 2014 میں ضلع ملیر میں فارمنگ کے لیے 30 سالہ لیز پر 8 ایکڑ زمین لی تھی۔9 نومبر 2024 کو مختیار کار بن قاسم کچھ نامعلوم افراد کے ساتھ زمین پر آئے ۔مختیار کار بن قاسم نے کہا کہ زمین خالی کریں کسی اور الاٹ ہوچکی ہے ۔مختیار کار کے احکامات خلاف قانون ہیں ۔عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرتے ہوئے مختیار کار بن قاسم ڈسٹرکٹ ملیر کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ۔درخواست کی مزید سماعت 31جنوری کو ہوگی ۔واضح رہے کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر زمین خالی کرانے پر حکم امتناع جاری کیا تھا۔علاوہ ازیں سابق ایس پی کلفٹن نیئر الحق نے زیر حراست ملزم کی ہلاکت کے مقدمے سے بری ہونے کے بعد نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کے لئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جنوبی کی عدالت میں درخواست دائر کردی، عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔