ہارٹیکلچر ایجنسی کا شہر میں گل داؤدی کی نمائش منعقد کرنیکا فیصلہ

ہارٹیکلچر ایجنسی کا شہر میں گل داؤدی کی نمائش منعقد کرنیکا فیصلہ

رواں ماہ شہریوں کو پارکوں، گرین بیلٹس پر میری گولڈ،گل داؤدی دیکھنے کو ملیں گے

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ہارٹیکلچر ایجنسی ملتان نے رواں ماہ گل داؤدی کی نمائش منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس سلسلے میں شاہ شمس پارک، قلعہ کہنہ اور نرسریز میں بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ دسمبر کے دوران شہریوں کو پارکوں اور گرین بیلٹس پر میری گولڈ اور گل داؤدی کی خوبصورت بہار دیکھنے کو ملے گی۔ اس موقع پر پارکوں کو مختلف موسمی پھولوں اور پودوں سے سجا کر شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار ہارٹیکلچر ایجنسی کے افسر کریم بخش نے شاہ شمس پارک، گیلانی پارک، عام خاص باغ اور زیب النساء پارک کے دورے کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ قلعہ کہنہ قاسم باغ میں شاندار گل داؤدی کی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا جس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر کو ‘‘فلاور منتھ’’ کے طور پر منایا جائے گا اور عوام کو بہتر تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لئے شہر بھر میں خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔کریم بخش نے مزید کہا کہ شہر کے مختلف مقامات پر پھولوں، پودوں اور درختوں کی شجرکاری جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے بھرپور سرگرم ہے ، جبکہ کمشنر ملتان کی خصوصی ہدایات پر شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں ماہ شہریوں کو پارکوں میں رنگا رنگ پھولوں کے ذریعے دلکش ماحول میسر آئے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں