کرپشن کیخلاف اجتماعی جدوجہد کا حصہ بنیں‘ خالد جاوید

کرپشن کیخلاف اجتماعی جدوجہد کا حصہ بنیں‘ خالد جاوید

شفافیت، دیانت داری اور انصاف کی بالادستی ہی حقیقی ترقی کا راستہ‘خطاب

وہاڑی(خبرنگار ،نمائندہ خصوصی)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے زیر اہتمام انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر آگاہی واک نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن وہاڑی راؤ فیصل الرحمن نے کی۔ واک میں مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے جو اداروں کی بنیادیں کمزور اور معاشرے کو غیر محفوظ بناتا ہے ، شفافیت، دیانت داری اور انصاف کی بالادستی ہی حقیقی ترقی کا راستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کیا جارہا ہے اور کرپشن سے متعلق ہر شکایت کو فوری طور پر دیکھ کر کارروائی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے سرکاری افسران اور نوجوانوں پر زور دیا کہ کرپشن کے خلاف اجتماعی جدوجہد کا حصہ بنیں اور ہر سطح پر ایمانداری کو فروغ دیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن وہاڑی راؤ فیصل الرحمن نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ محض اداروں کی نہیں بلکہ ہر ذمہ دار شہری کی ذمہ داری ہے ، کرپشن کا خاتمہ قانون کی مضبوطی، عوامی شعور اور اجتماعی ذمہ داری کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی واضح ہدایات کے مطابق وہاڑی میں شکایات کو سنجیدگی سے سنا جاتا ہے اور شفاف تحقیقات کو اولین ترجیح دی جاتی ہے ۔ آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کرپشن سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے لیے تمام ممکن اقدامات جاری رہیں گے اور وہاڑی کو ایک شفاف، انصاف پسند اور مثالی ضلع بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں