ریسکیو 1122کی سکول سیفٹی تربیت‘ طلبا‘ و اساتذہ مستفید

ریسکیو 1122کی سکول سیفٹی تربیت‘ طلبا‘ و اساتذہ مستفید

مظفرگڑھ میں لائف سیور پروگرام کے تحت 26تعلیمی اداروں میں تربیت مکمل

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کے احکامات کے مطابق ریسکیو1122مظفرگڑھ میں سکول سیفٹی گائیڈ لائنز کے تحت طلباء اور اساتذہ کو پاکستان لائف سیور پروگرام کی تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔ محکمہ ریسکیو کے مطابق جاری سلسلے میں اب تک ضلع بھر کے 26سکولز اور کالجز کے3ہزار327طلباء اور 278اساتذہ تربیت حاصل کر چکے ہیں۔تربیتی سیشنز میں طلباء اور اساتذہ کو سی پی آر، کنٹرول بلیڈنگ، فائر سیفٹی اور ایمرجنسی ایوییکیوشن کے حوالے سے عملی مہارت سکھائی گئی، تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل ممکن ہو سکے۔

تربیت کے دوران شرکاء کو حادثات کی روک تھام، ابتدائی طبی امداد اور محفوظ انخلا کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عبیداللہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تربیت کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ہنگامی حالات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیاں بھی محفوظ بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق ریسکیو 1122 یہ تربیتی پروگرام ضلع مظفرگڑھ کے تمام سکولز اور کالجز میں مکمل کریگا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق تربیت حاصل کرنے والے تمام طلباء اور اساتذہ کا اندراج بھی کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رضاکارانہ طور پر شامل کیا جاسکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں