خانیوال دیہی علاقوں میں سوئی گیس کی طویل لوڈشیڈنگ
بارہ سے سولہ گھنٹے گیس بند، پریشربھی کم، شہری مہنگا کھانا خریدنے پر مجبور
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) خانیوال کے دیہی علاقوں میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے ، جہاں روزانہ 12 سے 16 گھنٹے گیس کی بندش کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کے مطابق جب گیس دستیاب ہوتی ہے تو اس وقت بھی پریشر انتہائی کم ہوتا ہے ، جس سے گھریلو استعمال ممکن نہیں رہتا۔طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری ناشتہ اور کھانا بازار سے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔
جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ کئی علاقوں میں غیر قانونی طور پر کمپریسرز کا استعمال بھی جاری ہے ، جس سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے ۔دیہی علاقوں کے رہائشی مدثر، محمد یوسف، محمد علی رضا، امتیاز، علی اکبر اور دیگر نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی طویل لوڈشیڈنگ، کم پریشر اور غیر قانونی کمپریسرز کے استعمال کا فوری نوٹس لیا جائے ۔