جامعہ نورالاسلام میں تقریب دستار فضیلت و دوپٹہ پوشی

جامعہ نورالاسلام میں تقریب دستار فضیلت و دوپٹہ پوشی

قرآن و سنت سے مضبوط وابستگی کامیابی کی ضامن ہے ، مولانا شاہ نقشبندی

کوٹ ادو(ڈسٹرکٹ رپورٹر)جامعہ نورالاسلام نورشاہ تلائی میں سالانہ تقریب دستار فضیلت و دوپٹہ پوشی کا شاندار انعقادکیا گیا،تقریب میں 25 طالبات کی باوقار انداز میں دوپٹہ پوشی جبکہ 55 طلباء کرام کی دستاربندی کی گئی،نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں اسناد و انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔ تفصیل کے مطابق نواحی علاقہ نورشاہ تلائی کی عظیم مرکزی دینی درسگاہ جامعہ نورالاسلام نورشاہ تلائی میں سالانہ پروگرام برائے تقریب دستار فضیلت و دوپٹہ پوشی طلباء و طالبات نہایت عقیدت و احترام اور شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوا،تقریب کا باقاعدہ آغاز قراء کرام کی دلنشین تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول پیش کی گئی، بعد ازاں مہمانِ خصوصی کی تشریف آوری پر شرکاء نے والہانہ استقبال کیا جس سے محفل کا وقار مزید بڑھ گیا،تقریب میں مولانا محمد شاہ نقشبندی نے اپنے خطاب میں دینی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن و سنت سے مضبوط وابستگی ہی دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضامن ہے ،انہوں نے کہا کہ مدارس دینیہ نہ صرف دینی علوم کے مراکز ہیں بلکہ کردار سازی،اخلاقی تربیت اور صالح معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،انہوں نے طلباء و طالبات کو نصیحت کی کہ وہ علم کے ساتھ اخلاص، تقویٰ اور عمل کو لازم پکڑیں اوراپنے اخلاق و کردار سے دینِ اسلام کی حقیقی تصویر پیش کریں۔آخر میں مولانا قاری محمد ابوبکرصدیقی آف ملتان نے ملک وقوم کی سلامتی،ادارے کی ترقی، طلباء وطالبات کی کامیابی اورامت مسلمہ کے اتحادوسربلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں