ٹرانسمیشن لائنز کی بروقت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے ،یوسف
سیفٹی ایس او پیز پر کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ایڈیشنل چیف انجینئر
ملتان (خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل چیف انجینئر جی ایس میپکو سرکل ملتان ملک محمد یوسف نے کہا ہے کہ گرڈسٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز کی باقاعدہ مانیٹرنگ، بروقت دیکھ بھال اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ نظامِ بجلی کی محفوظ، مستحکم اور بلا تعطل فراہمی یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی اور مرمتی کام مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کئے جائیں اور سیفٹی ایس او پیز پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ایس ایس اینڈ ٹی ڈویژن رحیم یار خان میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔
جس میں سرکل کے تحت جاری منصوبوں، ٹرانسمیشن اور گرڈ سٹیشنز کی مجموعی کارکردگی، سسٹم کی بہتری اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ دریں اثنا ایکسین ایس ایس اینڈ ٹی ڈویژن میپکو ملتان نے 132کے وی گرڈ سٹیشن جیل روڈ ملتان اور 132 کے وی میسکو قاسم پور ٹرانسمیشن لائن کا بھی جائزہ لیا۔دورے کے دوران گرڈ سٹیشن میں نصب پاور ٹرانسفارمرز، سرکٹ بریکرز، پروٹیکشن سسٹمز اور دیگر اہم برقی آلات کی حالت اور کارکردگی کا معائنہ کیا گیا۔