اساتذہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ آن لائن لازمی قرار
اساتذہ کی ترقی اور مراعات کیلئے اے سی آر کی بروقت جمع کرانے کا حکم
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب بھر کے تقریباً 3 لاکھ اساتذہ کے لئے محکمہ سکول ایجوکیشن نے نئے احکامات جاری کر دیئے ہیں، جن کے تحت اساتذہ کو اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ (اے سی آر) آن لائن جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی سال 2025 کی تمام اے سی آرز آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع ہوں گی۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ سالانہ اے سی آرز اساتذہ کی ترقی، سروس بینیفٹس اور دیگر مراعات کے حصول کے لئے لازمی ہوں گی۔ مقررہ وقت میں آن لائن اے سی آر جمع نہ کروانے والے اساتذہ کی ترقی اور دیگر مراعات متاثر ہو سکتی ہیں۔تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اضلاع میں ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق آن لائن نظام کے ذریعے شفافیت اور بروقت ریکارڈ کی تیاری ممکن ہو گی۔، جس سے اساتذہ کے سروس معاملات کو بہتر انداز میں نمٹایا جا سکے گا۔محکمہ نے اس اقدام کو تعلیمی معیار کی بہتری اور اساتذہ کے امور میں شفافیت بڑھانے کے لئے اہم قرار دیا ہے ، اور کہا کہ اساتذہ کی کارکردگی کی بروقت رپورٹنگ سے تعلیمی شعبے میں نظم و ضبط کو فروغ ملے گا۔