لیپروسکوپک سرجری سے معیاری علاج ممکن ہوگا، ڈاکٹر مہناز

لیپروسکوپک سرجری سے معیاری علاج ممکن ہوگا، ڈاکٹر مہناز

خون کے کم ضیاع، تکلیف کم،ہسپتال میں مختصر قیام،تیز صحت یابی ہوسکے گی

ملتان (لیڈی رپورٹر)اسحاق اینڈ یورالوجی اینڈ اسٹون سینٹر کے تعاون سے شعبۂ یورالوجی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال ملتان میں لیپروسکوپک یورالوجی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد سے کنسلٹنٹ یورالوجسٹ ڈاکٹر محمد اطہر خواجہ نے بطور ماسٹر ٹرینر شرکت کی اور جدید لیپروسکوپک تکنیکوں پر عملی تربیت فراہم کی۔وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی ورکشاپس نشتر ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیپروسکوپک سرجری کے آغاز سے مریضوں کو بہتر اور معیاری علاج کی سہولت میسر آئے گی۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد نشتر ہسپتال ملتان میں گردے کی لیپروسکوپک سرجری کا باقاعدہ آغاز کرنا اور یورالوجسٹس کو جدید جراحی تکنیکوں سے روشناس کرانا تھا۔ اس موقع پر مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں سے تعلق رکھنے والے یورالوجسٹس نے شرکت کی اور لائیو سرجریز کے ذریعے عملی مہارت حاصل کی۔منتظمین کے مطابق لیپروسکوپک سرجری سے مریضوں کو کم تکلیف، کم خون کے ضیاع، ہسپتال میں مختصر قیام اور تیز صحت یابی جیسی سہولیات حاصل ہوں گی۔ شرکاء نے ورکشاپ کو مفید قرار دیتے ہوئے مستقبل میں ایسے مزید تربیتی پروگرامز کے انعقاد پر زور دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں