وہاڑی :سڑکوں کی بحالی، ترقیاتی کام آخری مراحل میں داخل
ثاقب خورشید کا سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال ویژن منصوبوں کی تکمیل کا اعلان
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ممبر صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’’سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال‘‘ ویژن کے تحت وہاڑی میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت وہاڑی شہر میں سڑکوں کی بحالی، تعمیر اور مرمت کا کام اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے ۔میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی سے شہریوں کو آمد و رفت کی بہتر، محفوظ اور جدید سہولیات میسر آ رہی ہیں، جبکہ شہر کی مجموعی خوبصورتی میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بدولت وہاڑی ایک نئے اور خوشحال دور میں داخل ہو رہا ہے ، جس سے شہریوں کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے وژن پر کاربند ہیں اور ان کی قیادت میں صوبے بھر میں انفراسٹرکچر کی بہتری، شہری سہولیات کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے جاری ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے ۔میاں ثاقب خورشید نے کہا کہ مریم نواز شریف کا عزم ہے کہ پنجاب کے ہر شہر کو جدید سہولیات سے آراستہ اور خوبصورت بنایا جائے ۔ آنے والے دنوں میں عوام ان منصوبوں کے ثمرات واضح طور پر محسوس کریں گے ۔