لودھراں میں سبسڈائزڈ آٹے کی فراہمی میں نمایاں اضافہ
حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل، سپلائی میں بہتری، فیئر پرائس شاپس فعال
لودھراں (سٹی رپورٹر) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر لودھراں سید ندیم عباس کے مراسلے کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضلع لودھراں میں سبسڈائزڈ آٹے کی فراہمی میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے تاکہ عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹا باآسانی دستیاب ہو سکے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے ضلع لودھراں میں 10 کلوگرام آٹے کے 15 ہزار 850 تھیلے جبکہ 20 کلوگرام آٹے کے 3 ہزار 165 تھیلے یومیہ فراہم کیے گئے ۔ گزشتہ ہفتے کی روزانہ اوسط سپلائی 10 کلوگرام کے 2ہزار 264اور 20 کلوگرام کے 452 تھیلے رہی۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کے مطابق 13 جنوری کو یومیہ بنیادوں پر 10 کلوگرام آٹے کے 3ہزار 375 اور 20 کلوگرام کے 1ہزار 75تھیلوں کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 10 کلوگرام آٹے کے تھیلوں کی فراہمی میں 50 فیصد جبکہ 20 کلوگرام آٹے کے تھیلوں کی سپلائی میں 130فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس سے صارفین کو واضح ریلیف ملا ہے ۔ عوام کی سہولت کے لیے ضلع بھر میں 96 فئیر پرائس شاپس فعال کی گئی ہیں جہاں آٹا حکومت پنجاب کے مقررہ نرخوں پر دستیاب ہے۔