اپنے حلقوں میں تعلیمی معیار بہتر کرنا میرا مشن ، عون حمید
نئی عمارتوں ،سہولتوں کی فراہمی کیلئے اجمل چانڈیہ کے ہمراہ سی ای اوسے مشاورت
مونڈکا (نامہ نگار) حلقہ پی پی 270 اور پی پی 271 کے سرکاری سکولوں میں نئی عمارتوں کی تعمیر اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے سردار عون حمید ڈوگر نے ایم پی اے اجمل خان چانڈیہ کے ہمراہ سی ای او ایجوکیشن مظفرگڑھ طاہرہ عزیز سے مشاورتی ملاقات کی۔ملاقات میں سید کاظم شاہ، مصور گوپانگ اور ساجد شنا بھی موجود تھے ۔ اجلاس کے دوران شاہ جمال، روہیلانوالی، خان گڑھ، مونڈکا، ماہڑا شہر سمیت دونوں صوبائی حلقہ جات کے مختلف پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں نئی عمارتوں کی تعمیر، کلاس رومز کی بہتری اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
بعد ازاں ایم پی اے سردار عون حمید ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ان کا پہلا مقصد اپنے حلقوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں نئی عمارتوں کی تعمیر، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جدید تعلیمی ماحول کی تشکیل سے بچوں کو معیاری تعلیم میسر آئے گی۔سردار عون حمید ڈوگر کا کہنا تھا کہ وہ خود کو ایم پی اے نہیں بلکہ عوام کا خادم سمجھتے ہیں اور ہر شعبہ ہائے زندگی میں عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنا ان کا مشن ہے ۔