آٹے کی مصنوعی قلت برداشت نہیں کی جائیگی ،ہمایوں علی
فلور ملز مالکان بروقت اور بلاتعطل سپلائی یقینی بنائیں، ڈی ایف سی وہاڑی
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی ہمایوں علی بھٹی نے صدر فلور ملز ایسوسی ایشن ضلع وہاڑی شیخ شہباز محمود اور سیکرٹری جنرل شیخ محمد حسین سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع بھر میں آٹے کی دستیابی، سپلائی چین اور مصنوعی قلت کے تدارک پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آٹے کی مصنوعی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور فلور ملز مالکان بروقت اور بلاتعطل سپلائی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، ذخیرہ اندوزی یا غفلت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا جائے گا اور عوام کو معیاری آٹا مناسب نرخوں پر فراہم کیا جائے گا۔