دانیوال ٹاؤن میں ٹوٹا مین ہول مکینوں کیلئے خطرہ بن گیا
اہل علاقہ کا واسا کیخلاف احتجاج،اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)دانیوال ٹاؤن کی گلی نمبر دو میں موجود شکستہ مین ہول علاقہ مکینوں کے لیے شدید خطرہ بن چکا ہے ۔ اہل علاقہ نے واسا کی غفلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے ۔مکینوں کے مطابق گلی میں سکول جانے والے بچوں، بزرگوں اور نمازیوں کی آمدورفت رہتی ہے اور دن رات حادثے کا خدشہ موجود رہتا ہے ۔ واسا حکام اس صورتحال سے باخبر ہونے کے باوجود مسئلہ حل کرنے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ ٹوٹا مین ہول کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے ، خصوصاً رات کے وقت اندھیرے میں بچوں یا موٹر سائیکل سواروں کے گرنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔شہریوں نے اس غفلت کو محکمانہ بدانتظامی قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کر متعلقہ محکمے کو ہدایت دی جائے تاکہ مین ہول کی مرمت کر کے ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے ۔