زیر حراست عمران مانی کی ہلاکت ،شفاف انکوائری کا مطالبہ
ڈی جی ایف آئی اے سے اراکین اسمبلی کی ملاقات،انصاف کی فراہمی پر زور
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ سے ایم این اے میاں شبیر علی قریشی اور ایم این اے سردار معظم علی خان جتوئی نے ملاقات کی جس میں کوٹ ادو میں پولیس حراست کے دوران نوجوان محمد عمران بھٹی کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران اراکینِ قومی اسمبلی نے متاثرہ خاندان کے تحفظات اور مطالبات ڈی جی ایف آئی اے کے سامنے رکھے اور واقعے کا سخت نوٹس لینے کی اپیل کی۔اراکین اسمبلی نے اس امر پر زور دیا کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع انکوائری کی جائے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب شواہد کا ازسرِنو باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور تفتیش کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کو جلد از جلد انصاف کی فراہمی ریاستی ذمہ داری ہے ، جس میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی ناقابلِ قبول ہے ۔ملاقات میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ واقعے میں ملوث ذمہ داران کا تعین کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ، تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے ۔ اراکین اسمبلی نے واضح کیا کہ انسانی جان کے تحفظ اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے ۔