الیکشن کمیشن،ووٹر اندار ج میں آسانیا ں پیدا کرنے پر اتفاق
خواتین کی رجسٹریشن ، نادرا موبائل وینز کے مسائل ، آگاہی مہم پر غور
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)دفتر ضلعی الیکشن کمشنر وہاڑی میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کی زیر صدارت شمولیتی شناختی کارڈ اور ووٹر اندراج فیز 5 کے حوالے سے انٹرا ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نادرا کی موبائل رجسٹریشن وینز کو درپیش مسائل اور دور دراز علاقوں میں خواتین تک رسائی کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں تمام شرکاء نے خواتین کی رجسٹریشن میں اضافے ، معلوماتی مہم کو مؤثر بنانے اور نادرا و دیگر محکموں کے تعاون سے ووٹر اندراج میں آسانیاں پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کہا کہ اجلاس کا بنیادی مقصد خواتین کو حقِ رائے دہی اور ووٹر رجسٹریشن کے بارے میں آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ انتخابی عمل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کا ووٹ پالیسی سازی اور ملک کے مستقبل کے فیصلوں میں اہم کردار ادا کرتا ہے ، اور اس کے لیے شناختی کارڈ کا حصول ضروری ہے ۔ الیکشن کمیشن نے نادرا کے تعاون سے موبائل رجسٹریشن وینز اور گھریلو سطح پر سہولیات فراہم کی ہیں تاکہ دور دراز علاقوں کی خواتین بھی رجسٹریشن میں شامل ہو سکیں۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے کمیٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسے علاقوں کی نشاندہی کی جائے جہاں خواتین کے شناختی کارڈ کم بنے ہوں، تاکہ آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔