وہاڑی میں گندم کا سرکاری ریٹ تین ہزارروپے مقرر
ضلع سے باہر گندم کی ترسیل پر مکمل پابندی، سخت کارروائی کا اعلان
وہاڑی (نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر وہاڑی ہمایوں شوکت بھٹی نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی واضح ہدایات کی روشنی میں ضلع وہاڑی میں گندم کا سرکاری نرخ تین ہزار روپے فی من مقرر کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ اور ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے ضلع سے باہر گندم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کا کہنا تھا کہ گندم کی غیرقانونی ترسیل روکنے کے لیے ضلعی سطح پر سخت مانیٹرنگ جاری ہے جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی افراد یا عناصر گندم ضلع سے باہر لے جانے کی کوشش کریں گے ، ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور گندم ضبط کر کے سرکاری تحویل میں لے لی جائے گی۔ہمایوں شوکت بھٹی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق مقررہ ریٹ سے کم پر گندم خریدنے اور زائد قیمت پر فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس اقدام کا مقصد کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلانا اور گندم کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے کاشتکاروں، آڑھتیوں اور بروکرز پر زور دیا کہ وہ سرکاری احکامات کی مکمل پابندی کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گندم کی غیرقانونی نقل و حمل یا ذخیرہ اندوزی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔