سیوریج،فراہمی آب منصوبوں کی بروقت تکمیل کا ہدف ضلعی انتظامیہ متحرک
ترقیاتی فنڈز کا درست استعمال، منصوبوں کی مانیٹرنگ سخت، افسروں کو فیلڈ میں جاکر معائنے کی ہدایت، ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس،سست روی پر حکام کی سرزنش
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی اور مختلف ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عوامی فلاح سے جڑی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔اجلاس میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج و نکاسی آب، صاف پانی کی فراہمی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے سست روی کا شکار منصوبوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسروں کو رفتار تیز کرنے اور مقررہ ٹائم لائن پر عملدرآمد کی سخت ہدایات جاری کیں۔محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا درست استعمال اور منصوبوں کی مانیٹرنگ ناگزیر ہے ، کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں جا کر منصوبوں کی خود نگرانی کریں تاکہ عوام کو ان کے ثمرات بروقت میسر آ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ بچوں اور بڑوں میں جسمانی نشوونما کیلئے غذائی قلت کے خاتمے کے حوالے سے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ نسل نو کو بھرپور صحت مند بنایا جاسکے انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ غذائی قلت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اس حوالے سے محکمہ صحت کو موثر آگاہی مہم چلانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اپنی صدارت میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور غذائی ماہرین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔