چلڈرن ہسپتال:ڈاکٹر ز،عملہ کی شدید قلت

چلڈرن ہسپتال:ڈاکٹر ز،عملہ کی شدید قلت

یومیہ 25سرجریاں، ایک سال میں 7ہزار آپریشن، ڈاکٹرز کی ٹرانسفرز سے عارضی کام چلایا جارہا، 550بیڈز، روزانہ 2ہزار بچے علاج کیلئے لائے جاتے ایک بیڈ پر دو بچوں کا علاج ،80نرسوں کی آسامیاں خالی ، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کو تجاویز ارسال، مفت ٹیسٹ ، ادویات فراہم کررہے ، ڈین ڈاکٹر کاشف چشتی

ملتان (زینب گردیزی سے )جنوبی پنجاب میں بچوں کے علاج و معالجہ کی سب سے بڑی علاج گاہ چلڈرن ہسپتال جو نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ بلوچستان ،خیبر پختون خواہ اور اندرون سندھ کے کئی اضلاع کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے گزشتہ ایک سال میں 7ہزار سے زائد بچوں کے آپریشن کامیاب ہوچکے ہیں جبکہ بیڈز کی کمی کے باوجود کسی بھی مریض بچے کا کیس لینے سے انکار نہیں کیا ۔ان خیالات کا اظہار ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر کاشف چشتی نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انکا کہنا تھا کہ چلڈرن ہسپتال کے آؤٹ ڈور پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ میں کل 550 بیڈز ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر 2000 سے زائد بچے علاج کیلئے ہسپتال لائے جاتے ہیں جبکہ ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد 100 ہے لیکن وہاں روزانہ 500 سے زائد بچے علاج کی غرض سے لائے جاتے ہیں تاہم مجموعی طور پر ایمرجنسی اور او پی ڈی میں روزانہ 350 سے زائد بچوں کو ایڈمٹ کیا جاتا ہے تاہم اس سلسلے میں ایک بیڈ پر دو سے زیادہ مریض بچوں کو ایڈمٹ کرکے مینج کیا جاتا ہے تاہم اس سلسلے میں وزیر اعلی ٰ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی مریض بچے کا کیس لینے سے انکار نہیں کیا۔

چلڈرن ہسپتال میں گزشتہ کئی ماہ سے نرسوں کی کمی بڑا شدید مسئلہ رہا ہے جسکی وجہ سے انتظامی امور بھی متاثر ہورہے ہیں تاہم ڈاکٹر کاشف چشتی کا کہنا ہے کہ چلڈرن ہسپتال میں 80 نرسوں کی آسامیاں موجود ہیں جسکے لئے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر کو تجاویز ارسال کردی گئی ہیں جسکے بعد بہت جلد صورتحال پر قابو پایا جائے گا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ چلڈرن ہسپتال بچوں کی واحد علاج گاہ ہے جہاں مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود روزانہ کی بنیاد پر 25 سرجریاں کی جاتی ہیں اور گزشتہ ایک سال میں ہسپتال میں 7 ہزار سے زائد بچوں کے مفت آپریشن کئے گئے جبکہ ۔تمام مریض بچوں کیلئے مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت میسر ہے ۔ انکا مزید کہنا تھا کہ چلڈرن ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے حکومت پنجاب اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر روزانہ کی بنیاد پر ٹرانسفر اینڈ پوسٹنگ کررہے ہیں تاکہ بچوں کے علاج میں مسائل نہ ہوں۔ پروفیسر ڈاکٹر کاشف چشتی کا کہنا تھا کہ چلڈرن ہسپتال ملتان میں جاپان کی کمپنی جائے کہ کی مدد سے ساڑھے چھ ارب روپے کا منصوبہ شروع کیا جائے گا جس میں جائے گا 70 بیڈز پر مشتمل انتہائی نگہداشت ٹاور تعمیر کروا کے دے گا جس میں جدید مشینری بھی نصب کی جائے گی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں