حنیف گل نے ڈی ایس ریلوے ملتان کاچارج سنبھال لیا
ٹیم ورک اور قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار
ملتان (خصوصی رپورٹر)پاکستان ریلوے کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ملتان کے عہدے کا باضابطہ چارج نئے تعینات ہونے والے محمد حنیف گل کے سپرد کر دیا گیا۔ ڈویژنل آفس میں منعقدہ تقریب میں چارج کی منتقلی کا عمل مکمل ہوا۔ محمد حنیف گل کی آمد پر افسران اور ملازمین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ ڈویژنل افسران نے بھی خیرمقدم کیا۔کمیٹی روم میں تقریب کے دوران استقبالیہ اور الوداعی خطابات ہوئے ۔ سابق ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ افتخار حسین نے نئے ڈی ایس کا افسران سے تعارف کروایا اور اپنے دورِ تعیناتی میں ملنے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔چارج سنبھالنے کے بعد محمد حنیف گل نے ٹیم ورک، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ دیانتداری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی حالات میں قومی اداروں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے دفاعی لاجسٹکس، افواج کی نقل و حرکت اور سازوسامان کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارے کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جائے گی اور اسے قومی تقاضوں سے ہم آہنگ رکھا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر افتخار حسین کو الوداع کیا گیا اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔