سکیورٹی کے پیش نظرسرکاری ونجی سکولوں میں ایمرجنسی اقدامات
صبح کی اسمبلی معطل ،حفاظتی انتظامات کے لئے فنڈز جاری کرنے کا حکم
ملتان(خصوصی رپورٹر)سکولوں میں ایمرجنسی نافذ، صبح اسمبلی معطل، سیکورٹی انتظامات کے لئے فنڈز جاری کرنے کاحکم،سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی اور ان کی ڈیوٹی مرکزی گیٹ پر لگانا لازمی قراردے دیا گیا۔۔ تفصیل کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر محکمہ سکولزنے صوبے بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ہنگامی بنیادوں پر اہم اقدامات کا اعلان کر دیا ہے ۔ جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام سکولوں میں صبح کی اسمبلی کو تاحکمِ ثانی معطل کر دیا گیا ہے تاکہ طلبہ کے بڑے اجتماعات سے گریز کیا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے خطرے کو کم کیا جا سکے ۔اساتذہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر سیف سٹی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بروقت اطلاع دی جا سکے ،اس اقدام سے سکول انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ مزید مؤثر اور تیز تر ہوگا۔اسی طرح تمام تعلیمی اداروں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو مکمل طور پر فعال رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ متعلقہ افسران کو کیمروں کی کارکردگی یقینی بنانے اور نگرانی کے نظام کو مؤثر رکھنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ سکولوں کے اکاؤنٹس میں فوری فنڈز منتقل کیے جائیں تاکہ سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی مالی رکاوٹ پیش نہ آئے تمام سکولوں میں سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی اور ان کی ڈیوٹی مرکزی گیٹ پر لگانے کو لازمی قرار دیا گیا ہے ۔