ٹریفک قوانین آگاہی مہم ، کالج میں طلبہ کو لیکچر دیا گیا

ٹریفک قوانین آگاہی مہم ، کالج میں طلبہ کو لیکچر دیا گیا

ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہو کر ذمہ دار شہری بننا ممکن ہے :غلام عباس

وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی ) طلبہ میں ٹریفک قوانین کی آگاہی اور محفوظ ڈرائیونگ کے فروغ کے لیے پٹرولنگ پولیس نے ایک مؤثر تعلیمی مہم کا انعقاد کیا۔ پٹرولنگ پوسٹ رتہ ٹبہ کے شفٹ انچارج غلام عباس جوئیہ نے کپس کالج وہاڑی میں طلبہ کے لیے خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا۔لیکچر کے دوران ٹریفک پولیس کے افسران نے طلبہ کو ٹریفک قوانین کی پابندی، موٹر سائیکل چلانے کے لیے لائسنس کی اہمیت، سائیڈ مررز کے درست استعمال اور سڑک پر ذمہ دارانہ رویے سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ افسران نے اس بات پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانوں کے تحفظ کی ضمانت بھی ہے ۔اس موقع پر جلیل عمران علی زئی، رانا تنویر سرور اور دیگر افسران نے اس اقدام کو نوجوان نسل کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ طلبہ میں کم عمری سے ہی ٹریفک شعور اجاگر کرنا ایک محفوظ اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے ۔ کالج انتظامیہ اور ڈائریکٹر کالجز چوہدری نبیل اکبر نے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ آگاہی پروگرام طلبہ میں نظم و ضبط، ذمہ داری اور شہری شعور کو فروغ دیتے ہیں۔آخر میں طلبہ کو پیغام دیا گیا کہ ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہو کر ہی ایک باوقار اور ذمہ دار شہری بننا ممکن ہے ، جو معاشرے میں عزت اور احترام کا باعث بنتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں