رمضان المبارک کے دوران بھکاریوں تعداد میں اضافہ
شہری اور دکانداروں نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں شہر بھر کے بازاروں اور اہم چوراہوں پر بھکاریوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق روزے داروں کو زبردستی روک کر پیسے مانگے جاتے ہیں اور انکار کرنے پر بددعائیں دی جاتی ہیں۔خریداری کے لیے آنے والی خواتین نے شکایت کی کہ بعض پیشہ ور بھکاری بدتمیزی کرتے اور پیچھا کرتے ہیں، جس سے انہیں شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ دکانداروں نے کہا کہ اس صورتحال سے کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے اور گاہک عدم تحفظ کا شکار ہیں۔شہریوں اور تاجروں نے ڈی پی او خانیوال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ بازاروں میں گشت بڑھایا جائے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ رمضان المبارک کے بابرکت ایام میں شہری سکون کے ساتھ عبادات اور خریداری کر سکیں۔