سی ایم لیپ ٹاپ سکیم کی مالیت 54ارب روپے ہونیکا امکان
2لاکھ 20ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ تقسیم ہونگے ،سوفیصد بڑھانے کی تجویز
ملتان (خصوصی رپورٹر)سی ایم لیپ ٹاپ سکیم کی مالیت 54ارب،2لاکھ 20 ہزار طلباء کو لیپ ٹاپ ملیں گے پنجاب میں سی ایم لیپ ٹاپ پروگرام کو بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر مزید وسعت دینے کی سفارشات تیار کی گئی ہیں جبکہ پروگرام کو بڑھانے کے دو مختلف ماڈلز زیر غور ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے ماڈل کے مطابق منصوبے میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے گا، جس کی لاگت تقریباً 40 ارب روپے تک پہنچ سکتی ہے ۔ اس صورت میں 1 لاکھ 65 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے ۔دوسری تجویز میں پروگرام کو 100 فیصد بڑھانے کی سفارش شامل ہے ، جس سے لاگت تقریباً 54 ارب روپے تک جا سکتی ہے اور 2 لاکھ 20 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جا سکیں گے ۔ذرائع کے مطابق، منصوبے کی موجودہ مجموعی لاگت 27 ارب روپے ہے ، اور ابتدائی مرحلے کے لئے 15 ارب روپے مختص کئے گئے تھے ۔تفصیلات کے مطابق اب تک 35 ہزار سے زائد طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا چکے ہیں، جبکہ پروگرام کے لئے 1 لاکھ 43 ہزار سے زائد طلبہ کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔حتمی طور پر لیپ ٹاپ پروگرام کی توسیع کی منظوری حکومت پنجاب دے گی واضح رہے کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے لیپ ٹاپ سکیم فیز 2 کیلئے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی تھی ۔ذرائع کے مطابق اب طلباء 20 مارچ تک آن لائن درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں جبکہ درخواستیں صرف آن لائن وصول کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایچ ای ڈی نے تصدیق کی ہے کہ اب تک فیز 2 کے لئے 1 لاکھ 31 ہزار 805 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں ۔اس سکیم میں سرکاری یونیورسٹیوں کے ساتھ پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے طلباء بھی اہل قرار دیئے گئے ہیں۔
، جبکہ فیڈرل چارٹرڈ یونیورسٹی اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طلباء بھی اس سکیم کے لئے درخواست دینے کے اہل ہیں۔
لیپ ٹاپ سکیم