پیکٹا امتحان میں غیر حاضری، سرکاری سکول سربراہان کو نوٹس
آٹھویں کے امتحان میں پانچ سے زائد غیر حاضر طلبہ پر وضاحت ، ریکارڈ طلب
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب ایجوکیشنل کریکولم، ٹیسٹنگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کے زیر اہتمام آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں طلبہ کی غیر حاضری کے معاملے پر سرکاری سکولوں کے خلاف سختی بڑھا دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ایسے سرکاری سکول جہاں پیکٹا کے آٹھویں جماعت کے امتحان میں پانچ یا اس سے زائد طلبہ غیر حاضر پائے گئے ہیں، وہاں کے سربراہان کو وضاحت کے نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔ محکمانہ حکام کا کہنا ہے کہ امتحان میں طلبہ کی غیر حاضری کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ سکول انتظامیہ سے جواب طلب کیا جا رہا ہے ۔جاری کردہ نوٹسز میں متعلقہ ہیڈ ٹیچرز اور سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذاتی طور پر دفتر میں پیش ہو کر طلبہ کی غیر حاضری کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کریں۔
انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ پیشی کے وقت سکول انفارمیشن سسٹم (SIS) کا مکمل ریکارڈ، طلبہ کا اندراج اور حاضری رجسٹر بھی ہمراہ لائیں تاکہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جا سکے ۔حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر پیش کردہ ریکارڈ نامکمل پایا گیا یا وضاحت تسلی بخش نہ ہوئی تو متعلقہ سکول سربراہان کے خلاف پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ 2006 (پیڈا ایکٹ) کے تحت محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے ۔