سکولوں میں بنیادی سہولیات بہتری کیلئے 90 دن ڈیڈ لائن
وائٹ واش، پینے کا صاف پانی اور واش رومز کی تعمیر و مرمت کی ہدایت
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری کے لئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے وائٹ واش، صاف پینے کے پانی کی فراہمی اور واش رومز کی تعمیر و مرمت کے لئے 90 روز کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے ۔جاری ہدایات کے مطابق تمام ضلعی تعلیمی افسر اور سکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سرکاری سکولوں کی عمارتوں کا فوری جائزہ لیں اور جہاں وائٹ واش کی ضرورت ہو وہاں فوری طور پر کام شروع کرایا جائے ۔اس کے ساتھ طلبہ و طالبات کے لئے صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور خراب یا ناکارہ واٹر سپلائی سسٹم کو فوری بحال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔حکام کے مطابق متعدد سکولوں میں واش رومز کی کمی یا ان کی خراب حالت کی شکایات سامنے آئی ہیں جس کے باعث طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اس صورتحال کے پیش نظر تمام سکولوں میں واش رومز کی تعمیر، مرمت اور صفائی کے انتظامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری سکولوں میں تعلیمی ماحول کو بہتر بنانا اور طلبہ کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بہتر ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں۔