شہر میں سیوریج لائنوں کی تنصیب جاری، ایم ڈی واسا

شہر میں سیوریج لائنوں کی تنصیب جاری، ایم ڈی واسا

سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کا مختلف علاقوں کا دورہ، منصوبوں کا جائزہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کیپٹن (ر)نورالامین مینگل نے ملتان کا دورہ کیا اور شہر میں جاری اربوں روپے مالیت کے سیوریج اور نکاسیٔ آب کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملتان فیصل شوکت نے سیکرٹری ہاؤسنگ کو 25 ارب 83 کروڑ 80 لاکھ روپے مالیت کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت، رفتار، معیار اور تکنیکی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں کی تنصیب اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ حسین آگاہی میں 18 انچ قطر کی دو ہزار فٹ سیوریج لائن کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے جبکہ گلگشت کے علاقے نوید بریانی سٹریٹ میں 18 انچ قطر کی 880 فٹ سیوریج لائن بچھائی جا چکی ہے ۔ اسی طرح بستی سورج کنڈ میں 12 اور 18 انچ قطر کی مجموعی طور پر 1300 فٹ سیوریج لائن کی تنصیب بھی مکمل کر لی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کائیاں پور میں تھرسٹ بورنگ کے ذریعے 24 انچ قطر کی 250 فٹ سیوریج لائن بچھانے کا کام جاری ہے جس میں سے 125 فٹ مکمل ہو چکا ہے ۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے پرانا شجاع آباد روڈ اور جہانگیر آباد ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کا بھی معائنہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرانا شجاع آباد روڈ ڈسپوزل اسٹیشن کی گنجائش 145 کیوسک سے بڑھا کر 205 کیوسک کی جا رہی ہے جس سے نکاسیٔ آب کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں