نااہل حکمرانوں کے سبب ملک خطے میں تنہائی کا شکار،خواجہ شفیق
ایران، افغانستان سے تعلقات خراب، چین سے سردمہری پر تاجروں کی تنقید
ملتان (لیڈی رپورٹر)بزرگ تاجر رہنما اور چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث پاکستان جنوبی ایشیا میں تنہائی کا شکار ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے دشمنی ہماری گھٹی میں شامل ہے جبکہ ایران اور افغانستان جیسے ہمسایہ ممالک سے تعلقات بھی حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث خراب ہوئے ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوششوں کے باعث چین جیسے قریبی دوست ملک کے ساتھ تعلقات بھی سرد مہری کا شکار ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور افغانستان نہ صرف ہمسایہ بلکہ برادر اسلامی ممالک بھی ہیں اور ایران نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔خواجہ محمد شفیق نے کہا کہ حکمران امریکا اور اسرائیل سے تعلقات مضبوط کرنے کے لئے ایران کے خلاف مؤقف اختیار کر رہے ہیں اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر ایران کے خلاف قراردادوں میں شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی پالیسیوں کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دنیا کے مختلف ممالک میں عوام اس صورتحال پر احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے جس نے سی پیک جیسے بڑے منصوبے میں بھاری سرمایہ کاری کی، تاہم موجودہ حالات میں اس تعلق کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے مگر سیاسی اور معاشی مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی جا رہی۔