تونسہ بیراج لشاری والا جنگل میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی
نایاب پرندوں اور جنگلی حیات کو شدید خطرات، شہریوں کا کارروائی کا مطالبہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) تونسہ بیراج کے قریب واقع جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے قدرتی جنگل لشاری والا میں ایک بار پھر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ کے باعث جنگل میں موجود نایاب پرندوں، جنگلی جانوروں اور دیگر آبی حیات کو شدید خطرات لاحق ہو گئے جبکہ دھوئیں اور شعلے دور دور تک دکھائی دینے لگے جس سے قریبی آبادیوں میں تشویش پھیل گئی۔مقامی افراد کے مطابق اس سے قبل 22 فروری کو بھی اسی جنگل میں آگ لگ چکی ہے جبکہ ماضی میں بھی کئی مرتبہ ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں جس سے جنگلی حیات اور درختوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ وائلڈ لائف سے فوری نوٹس لے کر آگ پر قابو پانے اور جنگل کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔