سیلاب متاثرہ سڑک کی مرمت نہ ہونے پر اہل علاقہ سراپا احتجاج
موضع بھٹی میں تباہ حال سڑک فوری تعمیر کرائی جائے ، وزیراعلیٰ ودیگر حکام سے مطالبہ
بوریوالا (سٹی رپورٹر)دریائے ستلج کے مقام پر سیلاب گذرے 6 ماہ سے زائد عرصہ ہونے کے باوجود متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی کام نہ ہو سکے ، جس سے پورا علاقہ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ موضع بھٹی کو ملانے والی تقریباً 1 کلومیٹر سے زائد سڑک تاحال خستہ حالی کا شکار ہے ۔ سیلابی ریلوں کے باعث سڑک بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی، جس کے بعد اہل علاقہ کو روزمرہ آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مقامی شہری اقبال، زاہد منشاء بھٹی، ناصر کمال چوہان، افضل قادری، رفیق بھٹی، عمران ساہوکا اور محمد یار بھٹی نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث طلبہ کو تعلیمی اداروں تک پہنچنے اور مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں شدید دشواری ہوتی ہے ۔ بارش یا پانی جمع ہونے کی صورت میں صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے اور علاقے کا رابطہ دیگر علاقوں سے تقریباً منقطع ہو جاتا ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق کئی بار متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا۔، مگر اب تک سڑک کی تعمیر یا مرمت کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، ن لیگ کے ایم این اے سید ساجد سلیم شاہ، کمشنر ملتان عامر کریم، ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور سی او ضلع کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ صورت حال کا فوری نوٹس لیا جائے اور سڑک کی جلد از جلد تعمیر یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات ختم ہو سکیں۔